کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں شادی ہالز کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت مل گئی۔ میرج ہال کا کاروبار بحال ہونے سے جہاں شہر کی رونق میں اضافہ ہوا وہیں بیوٹی پارلر، پکوان اور کیٹرنگ سمیت مختلف کاروبار میں بھی تیزی آ گئی۔
اب سورج ڈھلتے ہی سڑک کنارے میرج ہالز جگمگا اٹھتے ہیں، دہکتے کوئلوں پر بار بی کیو کا دھواں سما دلفریب کردیتا ہے، یہ رونقیں لوٹ توآئی ہیں لیکن اس شرط پر کہ کورونا سے بچاو کے لیے بنائے گئے ایس او پیز پر شادی ہال مالکان اور عوام مل کر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
شادی بیاہ کی تقریبات پر عائد پابندی ختم ہونے کا سنتے ہی کراچی کے بازاروں میں جہاں خواتین برائیڈل سوٹ کی خریداری میں مگن نظر آئیں تو دوسری جانب ڈیزائنرز نے شیروانی سینے کے لیے کمر کس لی۔ اسی طرح پارلرز میں بیوٹی آرٹسٹ بھی عروسی رنگ و روپ دلہن کو دینے میں مصروف ہوگئے، صرف یہی نہیں گل فروشوں کو بھی شادی ہال کی زینت بڑھانے کا موقع مل گیا۔
صرف یہی نہیں کیٹرنگ کے کاروبار میں بھی تیزی آگئی، پکوان والوں کو بھی شادی بیاہ کے آرڈر خوب ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت ملنا خوش آئند ہے کیونکہ یہ دو خاندانوں کے ملاپ کا ایونٹ ہے لیکن کورونا میں اس بندھن کی تقریبات میں فاصلے قائم رکھنے بھی ضروری ہیں۔