اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے فرد جرم کے بعد نیب کی گرفتاری پر سوالات اٹھا دیئے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کرپشن کیس کے ملزم ندیم قادر کھوکھر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ موکل مختار کار ہے، احتساب عدالت میں فرد جرم عائد ہوچکی، عدالت میں بھی پیش ہو رہا ہے۔
جسٹس منیب اخترنے ریمارکس دیئے کہ تحقیقات مکمل، ریفرنس دائر، فرد جرم عائد ہوچکی ہے، ملزم ٹرائل کا سامنا کر رہا ہے تو گرفتاری کیوں چاہیے، کیا صرف اس لیے کہ نیب کے پاس گرفتاری کا اختیار ہے۔
نیب کے وکیل نے موقف اپنایا کہ یہ اصول مان لیا جائے تو سب ملزمان کو ضمانت مل جائے گی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے اس نقطے پر عدالت کی معاونت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزم ندیم قادر کھوکھر کو عبوری ضمانت پر رہا کر دیا۔