اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے Remdesivir سمیت زندگی بچانے والی 94 اہم ادویات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کورونا کے علاج کے لئے استعمال کی جا رہی ہیں۔
صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی کابینہ میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ Remdesivir کی قیمت دس ہزار سے کم کرکے آٹھ ہزار چار سو روپے کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ چورانوے ادویات کی قیمتیں بھی کم کی جا رہی ہیں تاکہ رعایتی نرخوں پر معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے ملک میں خواتین سے زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر خواتین سے زیادتی کی روک تھام کے لئے تحقیقات اور قانونی چارہ جوئی کے بل پر تفصیلی بحث کی۔
انہوں نے کہا کہ بل کے تحت گھناؤنے جرائم کے مجرموں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں گی اور ایسے مقدمات کی تحقیقات کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور متاثرین کا تحفظ کیا جائیگا۔
شبلی فراز نے کہا کہ یہ بل موجودہ قوانین میں نقائص کو دور کرے گا اور بل کا حتمی مسودہ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جو ملک کی معیشت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ گردشی قرضہ اور پاور ٹیرف کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔