راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارت کی بزدل فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی ایک بار پھر کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بلا اشتعال فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے آبادی پر خود کار اور بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کی۔ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر جندروٹ سیکٹر میں آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فائرنگ سے کھتر گاؤں میں 65 سال کی خاتون زخمی ہو گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت سے بار بار مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ وہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔ تمام واقعات کی تحقیقات کرائے اور ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر امن بحال کرے۔