راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فوج نے کنٹرول لائن (ایل او سی) پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کرکے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے بروح سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ جنوری سے اب تک بھارتی فوج 2340 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔
آج بھارت کے ایک اعلیٰ سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی قابض فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری کے مطابق بھارتی قابض فوج کی کنٹرول لائن کے بروح سیکٹر میں اندھا دھند اور بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو بے گناہ شہری شدید زخمی ہوگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ شہری آبادی کو مسلسل بھاری توپ خانے، مار ٹر گولوں اور خود کار ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔
اس سال بھارت نے اب تک دوہزار تین سو چالیس بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں اٹھارہ افراد شہید اور ایک سو ستاسی شہری شدید زخمی ہوئے۔