اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے آج ایک سینئر بھارتی سفارتکار کو طلب کرکے گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ایک بیان میں وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ کنٹرول لائن کے سبزکوٹ سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی بلاامتیاز اور بلااشتعال فائرنگ میں ایک بے گناہ شہری زخمی ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ گنجان آباد شہری علاقوں کو آرٹلری، مارٹر گولوں اور خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال بھارت نے اب تک دوہزار ستائیس سے زائد بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں 16 بے گناہ شہری شہید اور 166 شدید زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی یہ سنگین خلاف ورزیاں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر صورتحال کو کشیدہ بنانے کی مسلسل کوششوں کی عکاس ہیں اور علاقائی امن اور سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔