آئین کی بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہوگی: شاہد خاقان عباسی

Published On 05 October,2020 03:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئین کی بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہوگی،عام شہری کا سہارا نہ لیں، کھل کر سامنے آئیں، ہمت ہے تو مقدمے میں نامزد تمام لوگوں کو گرفتار کریں۔

سابق وزیراعظم و لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چار دن سے وفاقی وزرا ایک ہی راگ الاپ رہے ہیں، اپوزیشن کو غداری کا سرٹیفکیٹ دینے سے نالائقی نہیں چھپ سکتی، اس پرچے کے مطابق جو پاکستان چلایا کرتے تھے وہ سب بغاوت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر کشمیر کے سودے کی بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز ہوگی، اگر ملک کے خلاف سازش بے نقاب کرنا بغاوت ہے تو ہرروز ہوگی، جب الزام لگانے کے لئے کچھ نہ رہ جائے تو بغاوت کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا گزشتہ حکومتوں پر الزامات کے سوا کچھ نہیں کیا گیا، سندھ اور خیبرپختونخوا میں غداری کے مقدمے بنائے گئے، اب پنجاب میں بھی غداری کے مقدمے بنا دیئے گئے۔ انہوں نے کہا بھارت کی جرات نہیں تھی کہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر پائے، قوم جاننا چاہتی ہے کس بات پر کشمیر کا سودا کیا ؟ بھارت کی کیوں اتنی جرات ہوئی کہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کی۔

احسن اقبال نے کہا غدار وہ ہے جو سی پیک بند کرتا ہے، ہم نے موٹرویز اور سی پیک کی بنیاد رکھی، غداری کے سرٹیفکیٹس کا معاملہ پرانا ہے۔
 

Advertisement