کورونا وائرس کے کیسوں میں بتدریج اضافہ، یاسمین راشد کی عوام کو احتیاط کرنے کی اپیل

Published On 09 October,2020 11:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے عوام کو پاکستان میں دوبارہ کورونا وائرس بڑھنے کے خدشے سے آگاہ کر دیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پوری دنیا میں عام اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہو چکی ہے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وبا پر بہت مشکل سے قابو پایا گیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے عام اجتماعات کیلئے ایس او پیز تیار کر لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اجتماعات میں جانے پر مکمل گریز کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ سندھ کے بعض علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے باعث دوبارہ لاک ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کی صورت میں لاک ڈاؤن کے باعث معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں۔

 

Advertisement