اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر بہت اثرات مرتبہ ہو رہے ہیں، ہمیں اپنی تمام منصوبہ بندی میں قدرتی آفات کے پہلو پر بھی توجہ مرکوز رکھنا ہوگی، مربوط تعاون اور حکمت عملی سے ہی چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا اور ٹڈی دل چیلنجز پر قابو پانے کیلئے کامیاب حکمت عملی اپنائی، ٹڈی دل چیلنج پر کامیابی سے قابو پانا باعث مسرت ہے، این ڈی ایم اے نے ٹڈی دل خاتمے کیلئے بھرپور حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کورونا کے حوالے سے خدشات موجود ہیں، کورونا کے آغاز پر ہمارے پاس حفاظتی سامان کی کمی تھی، آج 800 کے قریب وینٹی لیٹر، 30 لاکھ فیس ماسک موجود ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کورونا وائرس آیا تو فیس ماسک ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا تھا، کورونا صورتحال کی وجہ سے مثبت چیزیں بھی سامنے آئیں، اللہ کے فضل سے آج ہم حفاظتی سامان برآمد کر رہے ہیں۔