لاہور: (دنیا نیوز) برٹش ایئرویز نے لاہور کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لیں۔ برٹش ایئرویز کی پہلی پرواز کل لندن سے لاہور کیلئے اڑان بھرے گی۔
برٹش ائیرویز کی لاہور کیلئے براہ راست پرواز 13 اکتوبر کی صبح لندن سے لاہور پہنچے گی۔ لاہور ائیرپورٹ پر برطانوی سفارتی عملہ اور سی اے اے کے افسران مسافروں کا استقبال کریں گے۔ برٹش ایئرویز لندن، لاہور، لندن کیلئے ہفتے میں چار پروازیں آپریٹ کرے گی۔ برٹش ایئرویز لاہور سے لندن اور ہیتھرو کے طویل سفر کیلئے جدید ترین بوئنگ 787 طیاروں کو استعمال کرے گا۔
برٹش ایئرویز کی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے گزشتہ دنوں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ حکومت کی منظوری کے بعد سی اے اے نے برٹش ائیر ویز کو لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی۔ برٹش ائیرویز نے لاہور میں پروازیں شروع کرنے کیلئے حکومت پاکستان کو درخواست دی تھی۔