چارسدہ: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تحریک چل پڑی، 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں عوام کا سمندر ہوگا، حکمران دسمبر نہیں دیکھ پائیں گے، ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، دھاندلی کی نہیں۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا سرکار مخالف تحریک اب حکومت کے خاتمے پر ہی رکے گی، عوام ان حکمرانوں کو نہیں مانتے، خطے میں تنہائی کا شکار ہیں، ان حکمرانوں کی کرسی کی کوئی اہمیت نہیں، ان کی حکمرانی کو مسترد کرتے ہیں، ہمیں ترنوالہ نہ سمجھا جائے، لوہے کے چنے ثابت ہوں گے، پورے ملک میں جلسے ہونگے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہمارے اسلاف نے اس ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دی، انگریز کے خلاف جدوجہد کی، حکمرانوں نے ملک کوتباہی کے دھانے پر لاکھڑا کر دیا ہے، غریب کا جینا دوبھر ہوچکا ہے، لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے۔