لاہور: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں جلسے سے پہلے لاہور میں ایم این اے رانا مبشر کی جانب سے پرتکلف ناشتے کا اہتمام کیا گیا، جس میں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد کاہنہ پہنچ گئی۔ قافلہ پہلے جاتی امرا پھر مریم نواز کی قیادت میں گوجرانوالہ روانہ ہوگا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسہ کے لئے جناح سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ سٹیڈم میں قائدین کے بیھٹنے کیلئے 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں لائٹس لگا دی گئیں۔
اسٹیڈیم کے چاروں اطراف پی ڈی ایم کے قائدین کے بڑے بڑے فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے۔ جناح سٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینرز کھڑے کے راستے بند کر دیئے گئے۔ 32 مقامات پر کنٹینرز کھڑے کیے گئے ہیں۔
ادھرپی ڈی ایم اور انتظامیہ میں جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسے کی اجازت کے ساتھ 28 نکاتی معاہدہ طے پایا ہے۔ جلسے کا وقت شام 5 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا، کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھنا لازم قرار دیا گیا، بغیر ماسک اور سینیٹائزر کوئی کارکن جلسے میں داخل نہیں ہو سکتا۔
معاہدے کے مطابق پی ڈی ایم کا کوئی رہنما سٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا، جی ٹی روڈ بند نہیں کیا جائیگا، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی، معاہدے کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔