لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جلسوں سے کوئی پریشانی نہیں، اپوزیشن کی کوئی سمت ہے نہ ان کو کوئی سمجھ ہے، پوری اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا اپنے بیان مں کہنا تھا یہ عناصر جلسوں کی آڑ میں اپنی کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بدعنوانی اور کرپٹ عناصر کا احتساب جاری رہے گا، تحریک انصاف کا مینڈیٹ کرپشن کا خاتمہ ہے، اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام انتشار کی سیاست کو پہلے بھی مسترد کرچکے اب بھی ساتھ نہیں دیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت میں مصروف ہے، اپوزیشن صرف نعرے بازی میں مصروف ہے، اپوزیشن جو مرضی کر لے، عوامی خدمت کا سفر رواں دواں رہے گا۔ انہوں نے کہا کورونا کی دوسری لہر سر اٹھا رہی ہے، احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی سے مرض بڑھ سکتا ہے۔