'اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا ملک کی ترقی کو روکنا اور اپنی کرپشن کو تحفظ دینا ہے'

Published On 15 October,2020 10:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا ملک کی ترقی کو روکنا اور اپنی کرپشن کو تحفظ دینا ہے، اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے، وہ دن دور نہیں جب یہ اتحاد بھی ماضی کی طرح پارہ پارہ ہو جائے گا۔

 وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا اپوزیشن جماعتوں کو عوام کے حقیقی مسائل کا ادراک ہے نہ کوئی سمجھ، یہ عناصر محض ذاتی مفادات کی خاطر عارضی طور پر ایک نظر آتے ہیں، پاکستان کے عوام اپوزیشن کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں، یہ اپنے منفی بیانیے سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے پائیدار سفر سے خائف ہیں، یہ عناصر موجودہ حکومت کی 2 سالہ محنت کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی واویلا کر لیں حکومت مدت پوری کرے گی، اپوزیشن جماعتوں کے ہاتھ نہ پہلے کچھ آیا نہ آئندہ کچھ آئے گا۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دیہی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا زرعی معیشت کو مضبوط بنانے میں دیہی خواتین کا کلیدی کردار ہے، زرعی پیداوار بڑھانے میں دیہی خواتین کے کردار کو سراہتے ہیں، دیہی خواتین گھر کے ساتھ کھیتوں میں مردوں کے شانہ بشانہ بھی کام کرتی ہیں، دیہی معیشت کی ترقی میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے، دیہی خواتین نہایت محنتی ہیں، حکومت دیہی خواتین کی ترقی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا پنجاب حکومت دیہی خواتین کے حقوق کے حوالے سے موثر پالیسی پر عمل پیرا ہے، دیہات میں بسنے والی خواتین قانونی، معاشی و معاشرتی سہولتوں سے محروم نہیں رہیں گی، دیہی خواتین کی حالت زار میں بہتری کے لئے اقدامات ہماری ذمہ داری ہے، آج ہمیں بحیثیت قوم معاشرے کی تعمیر و ترقی میں دیہی خواتین کے مثبت کردار کا اعتراف کرنا ہے، ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ دیہی خواتین کو ان کے حقوق کی فراہمی کیلئے مزید موثر اقدامات کرینگے۔

 

Advertisement