لاہور: (دنیا نیوز) عثمان بزدار نے کہا ہے کہ احتجاجی سیاست کرنے والے اپنے دور میں کی گئی کرپشن اور لوٹ مار سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، ذاتی مفاد کا قومی مفادات پر غالب آنا افسوسناک ہے۔
سردار عثمان بزدار سے ایوان وزیر اعلی میں ارکان پنجاب اسمبلی احمد کاسترو، عمر فاروق، شہباز احمد، نذیر احمد چوہان اور ملک تیمور نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج منفی سیاست کرنے والوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کو فراموش کئے رکھا، پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن کس مقصد کیلئے اکٹھی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، احتساب ہمارا قومی مشن ہے، جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے عمل میں عوامی نمائندوں کی مشاورت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، اپوزیشن ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے۔