وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین سی پیک کی ملاقات، اہم ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت

Published On 08 October,2020 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سی پیک خوشحالی اور ترقی کا منصوبہ ہے۔ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے پاکستانی معیشت مضبوط جبکہ پنجاب کے صنعتی اور زرعی شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چین کی حیرت انگیز ترقی ہمارے لئے رول ماڈل ہے۔ چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے معیشت کی مضبوطی کے شعبوں کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور میانوالی میں ماڈل ڈیری فارمز بنائیں گے جبکہ پنجاب میں اکنامک زونز میں ٹیکنالوجی پارک قائم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا گیا ہے۔ اس سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
 

Advertisement