لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے، لائیوسٹاک شعبے کی پائیدار ترقی سے فارمرز معاشی لحاظ سے مضبوط ہوں گے، لائیو سٹاک سیکٹر میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر بہت توجہ دینے کی ضرورت ہے، لائیو سٹاک ملکی معیشت کی ترقی کیلئے انجن کا کردار ادا کرتا ہے۔
عثمان بزدار نے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ شعبہ کے فروغ کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید تکنیک اپنانا ہوگی، پنجاب میں لائیوسٹاک فارمرز کو جدید سائنٹیفک طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا۔
اجلاس میں نجی ماہرین نے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے کے فروغ کے لئے تجاویز پیش کیں۔ صوبائی وزراء سردار حسنین بہادر دریشک، حسین جہانیاں گردیزی، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، ایگروبیسڈ انڈسٹریز و زرعی شعبہ کے ما ہرین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔