لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں، قوم کا پیسہ لوٹنے والے اب عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے، ان جماعتوں کے پاس پاکستان کے عوام کی ترقی کا کوئی پروگرام نہیں، عوام کے مسترد شدہ عناصر ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں، آج اکٹھی ہونے والی اپوزیشن جماعتیں بہت جلد ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں گی، اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا، عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہے، 22 کروڑ عوام اپوزیشن کے غیر جمہوری طرز عمل سے یکسر لاتعلق ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک کو سیاسی کثافتوں سے پاک کرے گی۔