لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، پاکستانی قوم ایسے عناصر کی پر زورمذمت کرتی ہے، 22 کروڑ عوام ایسے شرانگیز بیانیے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
ایوان وزیراعلی میں سردارعثمان بزدار سے گوجرانوالہ سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چودھری اشرف انصاری نے ایک اور ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، گوجرانوالہ شہر کے مسائل کے حل اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں، پاکستان میں ایسے بیانیے کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں، تحریک انصاف کی حکومت اداروں کا ہر سطح پر احترام کرتی ہے، ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو متنازعہ بنانا کسی بھی طور درست نہیں۔