لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نا گہانی اور قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے عوام میں آگاہی بے حد ضروری ہے، پیشگی اقدامات سے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کو آنے والا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کا تباہ کن زلزلہ تھا، 15 سال بعد بھی اس بدترین زلزلے کی تباہی کو لوگ نہیں بھول سکے، زلزلے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ آج بھی مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زلزلے کے بعد پاکستانی قوم نے متاثرین کی بھرپور مدد اور دلجوئی کی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں ہم ایک ہیں، زلزلے اور سیلاب جیسی قدرتی آفات ہمیں اپنے اطوار پر غور و فکر پر مائل کرتی ہیں، قوم نے زلزلے سے متاثرہ بھائیوں کی کھلے دل سے مدد کر کے ایثار و قربانی کی مثال قائم کی، پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں موثر رسپانس میکانزم ضروری ہے، تربیت یافتہ ہیومن ریسورس ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں موثر کردار ادا کرتی ہے، یہ دن منانے کا مقصد عوام کو احتیاطی تدابیر اور بچاؤ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔