”مریم کو گرفتار نہ کیا جائے“، حکومتی وزرا کی اپوزیشن کو فری ہینڈ دینے کی تجویز

Published On 09 October,2020 06:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں کے حوالے سے وفاق اور پنجاب کی اعلیٰ سطح پر مشاورت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزرا نے مریم نواز کو گرفتار نہ کرنے اور اپوزیشن کو فری ہینڈ دینے کی تجویز دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزرا کی اہم ترین ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، شفقت محمود اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر ملاقات میں شریک ہوئے۔

اس اہم ملاقات میں اپوزیشن کو احتجاجی سرگرمیوں کے لیے اجازت کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ پنجاب اور وفاق کی اہم شخصیات نے اپوزیشن کو جلسوں کے معاملے پر فری ہینڈ دینے کی تجویز دی جبکہ کچھ شخصیات نے کورونا خدشات کے پیش نظر اس سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔

ذرائع کے مطابق بڑوں کی بیٹھک میں اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن کیخلاف کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھایا جائے گا۔ وزرا نے احتجاجی جلسوں کے موقع پر مریم نواز کی گرفتاری عمل میں نہ لانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اپنا بیانیہ اجاگر کرکے اپوزیشن کو بے نقاب کیا جائے۔

دوران ملاقات کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں کورونا کے باعث بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔
 

Advertisement