لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا ہیروز کو ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کر دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 27 اکتوبر کو کورونا ہیروز کو شان پاکستان ایوارڈ دیں گے۔
ایوارڈز دینے کی تقر یب گورنر ہاؤس لاہور میں 27 اکتوبر کو منعقد ہوگی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔ گورنر پنجاب کی جانب سے کورونا ہیروز کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائیگا۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کورونا بحران کے ہیروز کو شان پاکستان ایوارڈ دیں گے۔ وزیراعلی پنجاب، صوبائی گورنرز، صدر آزاد کشمیر بھی تقریب میں شریک ہونگے۔ گورنر پنجاب نے کہا کورونا بحران کے دوران کام کرنیوالوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، گورنر ہاؤس میں قرآن باغ بھی بنا رہے ہیں، قران باغ میں وہ پھل پودے لگائیں گے، جن کا قرآن پاک میں ذکر ہے۔
خیال رہے کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 601 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 463 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 615 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 14، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 756، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 427، بلوچستان میں 15 ہزار 577، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 965، اسلام آباد میں 17 ہزار 526 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 198 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 39 لاکھ 43 ہزار 734 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 916 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 5 ہزار 80 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 518 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 14 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 601 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 270، سندھ میں 2 ہزار 562، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 80 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔