کوئٹہ: (دنیا نیوز) ایک اور اہم شخصیت کورونا کا شکار ہوگئی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا ٹیسٹ مثبت آگیا، خود کو قرنطینہ کرلیا۔
بلوچستان میں کورونا کیسز پھر بڑھنے لگے، وزیراعلیٰ جام کمال بھی وائرس کی زد میں آگئے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق ٹیسٹ مثبت آیا تاہم وزیر اعلیٰ صحت مند ہیں، انہوں نے 14 روز کیلئے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے عوام سے اپیل کی وزیراعلیٰ جام کمال کی شفایابی کیلئے دعا کریں۔
خیال رہے کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 601 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 463 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 615 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 14، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 756، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 427، بلوچستان میں 15 ہزار 577، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 965، اسلام آباد میں 17 ہزار 526 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 198 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 39 لاکھ 43 ہزار 734 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 916 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 5 ہزار 80 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 518 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 14 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 601 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 270، سندھ میں 2 ہزار 562، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 80 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔