اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں ہر قسم کے اجتماع اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ تقریبات میں کھانا دینے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام صوبوں کی مشاورت کے بعد گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق ان ڈور تقریب میں زیادہ سے زیادہ پانچ سو افراد اور دورانیہ 3 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ تمام لوگ کرسیوں پر بیٹھیں، کوئی بھی کھڑا نہ ہو جبکہ کرسیوں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ یقینی بنایا جائے۔
سٹرکوں پر ہونے والی واک اور اجتماعات میں ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔ زیادہ متاثرہ علاقوں میں اجتماعات سے گریز کیا جائے۔ کھانا دینے کی اجازت نہیں، تاہم پانی کا انتظام مختلف مقامات پر کیا جائے تاکہ رش سے بچا جا سکے۔ بچے، بزرگ اور کسی بھی مرض کا شکار افراد اجتماعات میں نہ جائیں۔ کورونا آگاہی کے بینر لگائے جائیں اور اعلانات بھی کیے جائیں۔