لاہور: (دنیا نیوز) سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی خاتون کے ساتھ مبینہ بدکلامی کی آڈیو سامنے آگئی ہے۔ آڈیو ٹیپ میں سی سی پی او نے مبینہ طور پر کہا کہ اب انہیں فون نہ کرنا، تماشا لگا رکھا ہے۔ دوسری جانب عمر شیخ کہتے ہیں آڈیو ٹیپ میرے خلاف نیا افسانہ ہے۔
تفصیل کے مطابق خاتون کی طرف سے مقدمہ درج کرنے کے ذکر پر عمر شیخ بھڑک اٹھے۔ سی سی پی او کی خاتون سے بدتمیزی کی آڈیو ٹیپ منظر عام پر آ گئی۔ سی سی پی او کےنامناسب الفاظ سنتے ہی خاتون نے فون بند کر دیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر پر منشیات فروخت کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ خاتون کی طرف سے سب انسپکٹر کے خلاف 30 ستمبر کو درخواست دی گئی تھی۔
ایس ایس پی عبادت نثار نے شنوائی کی۔ خاتون نے سی سی پی او سے ملاقات پر اصرار کیا۔ عمر شیخ کی آڈیو ٹیپ کے بعد خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کر دی ہے۔