احتساب عدالت کا شہباز شریف کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم

Published On 21 October,2020 03:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے شہباز شریف کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا شہباز شریف کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے شہباز شریف کو میٹریس، کرسی، گھر کا کھانا اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شہباز شریف کے وکیل نے موقف اپنایا درخواستگزار کی عمر 70 سال ہے اور وہ کینسر سمیت دیگر بیماریوں کے مریض ہیں، جسمانی ریمانڈ کے دوران درخواستگزار کو مکمل میڈیکل سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، پنجاب حکومت نے 2018 میں شہباز شریف کی صحت کے حوالے سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

وکیل امجد پرویز نے کہا شہباز شریف مختلف مستقل بیماریوں میں مبتلا ہیں، عدالت سے استدعا ہے شہباز شریف کو جیل میں میڈیکل اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔
 

Advertisement