لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، حکمرانوں نے ہر سیاسی مخالف کو کرپٹ دکھانے کی کوشش کی، حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہزاروں دستاویزات عدالت میں جمع کرائے گئے جن کی حیثیت ردی کے کاغذ کی ہے، ردی کے کاغذ جمع کرا دیں مگر فیصلہ وہی آئے گا جو عدالت کو لکھ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا جہاں صوبے کے اعلیٰ افسر کو اٹھا کر لیجایا جائے وہاں انصاف کی کیا امید رکھی جاسکتی ہے، صوبے کا وزیراعلیٰ کہتا ہے ہمیں کچھ معلوم نہیں، آج مسئلہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال پر کیس چلانے اور کیپٹن (ر) صفدر کو اٹھانے کا نہیں ہونا چاہیے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا اب گل ودھ نہیں گئی بلکہ گل مک گئی اے، گرفتاریوں کا سیزن ٹو شروع ہونے والا ہے، ڈھائی سال سے نیب مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، ن لیگ کو بدنام کرنے کیلئے کیسز بنائے جا رہے ہیں، عمران خان اور وزرا بار بار قومی اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں، جتنے جھوٹے مقدمے بنیں گے اتنا ہماری تحریک کو ایندھن ملے گا، سیاست انتشار میں ڈال دی گئی ہے، ہماری مسلح افواج بہت بہادر ہے، حکومت کو مقدمے بنانے سے فرصت نہیں مل رہی۔
ادھر لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا رات کی تاریکی میں شب خون ماراگیا، پریشان ہوں ایک صوبے کا آئی جی 3 گھنٹے کہاں رہا، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ لیکر نکلے ہیں، مقدمات سے نہیں گھبرائیں گے، ایف آئی آر کٹوانے والےکون لوگ ہیں ؟ کیا خلا سے ایف آئی آر کٹوائی گئی ؟۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا مادر ملت سے پیغام لیکر آیا ہوں آمروں کی اولادوں کو ووٹ نہ دیں، جن جن کے آباؤ اجداد نے ملک میں مارشل لاء لگایا ان کے بچوں کو ٹکٹ نہ دو، بابائے قوم کے قدموں میں کھڑے ہو کر قسم کھائی ہے، پاکستان کو بچانا ہمارا فرض ہے، ہم قائداعظم کی مسلم لیگ کے وارث ہیں، سندھ کی عدالتوں پر فخر ہے، ان پر بہت دباؤ تھا، اس کے باوجود فیصلہ دیا۔