گوجرانوالہ جلسہ: لیگی رہنماؤں کیخلاف تھانہ شاہدرہ میں ایک اور مقدمہ درج

Published On 20 October,2020 11:29 am

لاہور: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ جلسہ پر لیگی رہنماؤں کیخلاف لاہور میں تھانہ شاہدرہ میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر پنجاب ساؤنڈ ایکٹ اور سیکورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔

مقدمے میں مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، ملک ریاض، پرویز ملک، سیف الملوک سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ شاہدرہ چوک کنٹینرز لگا کر ٹریفک کیلئے بلاک کیا گیا۔

دوسری جانب گوجرانوالہ جناح سٹیڈیم میں 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے پولیس نے جلسہ انتظامیہ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ گوجرانوالہ کے تھانہ سول لائن میں جلسہ انتظامیہ کے خلاف دو مقدمے درج کئے گئے ہیں۔

ایف آئی آر میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی، آئینی اداروں کے خلاف تقاریر، ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی، سڑکیں بلاک کرنے، سزا یافتہ افراد کا تقاریر کرنا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور غیر قانونی طور پر گاڑیاں پارک کرنے سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ تھانہ سول لائن میں اسلحہ کی نمائش کا مقدمہ بھی درج ہے۔