کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، حزبمخالف جماعتوں کی جانب سے آج باغ جناح میں سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
حکومت کو گھر بھیجنے کا مشن، پی ڈی ایم آج شہر قائد میں طاقت دکھائے گی۔ پیپلز پارٹی جلسے کی میزبانی کرے گی۔ باغ جناح میں 160 فٹ طویل اور 60 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کر لیا گیا۔ جلسہ کے مقام پر پیپلز پارٹی، جے یو آئی، ن لیگ، اے این پی کے کارکن پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
مختلف شہروں سے سیاسی رہنماوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز آج کراچی پہنچ رہی ہیں،وہ کراچی پہنچتے ہی مزار قائد پر حاضری دیں گی جس کے بعد ریلی کے ساتھ باغ جناح گرائونڈ پہنچیں گی۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ شام کراچی پہنچ ، قمرالزماں کائرہ سمیت دیگر اپوزیشن رہنما بھی آج دوپہر کراچی پہنچیں گے۔
شہر میں جلسے کے باعث پولیس کی جانب سے سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا، تین ہٹی سے نمائش کی جانب عام شہریوں کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ شارع قائدین سے ٹریفک کو نورانی سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ شہری نیو ٹاؤن اور طارق روڈ کا راستہ اختیار کرسکیں گے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی سے آنے والے شرکاء گرومندر کی جانب سے جلسہ گاہ جاسکیں گے۔