گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے جس کا آج ہم آغاز کر رہے ہیں۔ پاکستان مزید جعلی وزیراعظم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
خواجہ آصف کا پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج ملک کی تمام اپوزیشن ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہوئی ہیں۔ آج سے 8 سال قبل میرے قائد نواز شریف نے اسی جگہ جلسہ کیا تھا۔ اس وقت میں جلسہ گاہ پہنچ نہیں سکا تھا کیونکہ ساری سڑکیں نواز شریف کے جان نثاروں کی وجہ سے جام تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں میں قوم کی عمران خان نے جان چھوٹ جائے گی۔ ہماری خواہش ہے کہ ووٹ کی عزت کو بحال کریں، یہاں پر روشنیاں ہوں، کوئی بھوکا نہ سوئے، اس ملک مین آئین اور قانون کی حاکمیت ہو۔