لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک طرف جعلی حکمرانی، دوسری طرف حکومتی نااہلی کی وجہ سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہے، اب تک حکمران ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں، جو صورت حال بن رہی ہے، انہیں دسمبر نصیب نہیں ہوگا۔
مولانا فضل الرحمن نے جامعہ اشرفیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مغرب نے بنائے، ہم پر حکومتیں مسلط کر دی جاتی ہیں، ان حالات میں سوچنا ہو گا۔ مذہب کے خلاف اسلام دشمن قوتوں اور فتنوں کو فروغ دیا جاتا ہے، یہ سب جانتے ہوئے بھی اگر ہم خیر کی توقع رکھتے ہیں تو ہماری سادگی پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، اب عمران خان ہم سے این آر او چاہ رہے ہیں جو نہیں دیں گے، ہم ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ گوجرانوالہ کے راستے میں کسی ایک مقام پر مسلم لیگ ن کے قافلے سے ملیں گے۔ یہ تحریک حکمرانوں کی کشتی کوغرق کرنےمیں سنگ میل ثابت ہوگی۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان مغربی آقاوں کا نہیں، صرف پاکستانیوں کا ہے۔ موجودہ پارلیمان عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے وجود میں آئی، پاکستان عالمی اسٹیبلشمنٹ کی حکرانی کیلئے وجود میں نہیں آیا۔