اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے، چیلنج کرتا ہوں اپوزیشن جناح سٹیڈیم کو پورا بھر کر دکھائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جلسے کیلئے جناح سٹیڈیم میں جگہ فراہم کی گئی ہے، احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے، سڑکوں یا گزرگاہوں پر جلسے کی اجازت نہیں ہوگی، اپوزیشن لوٹا ہوا پیسہ بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہے، ہم نے بھی جلسے کیے مگر عوام کو تنگ کرنے کی سیاست نہیں کی، اپوزیشن حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کو گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت مل گئی، انتظامیہ کے ساتھ طویل نشست میں 28 نکاتی معاہدہ طے پاگیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے بعد جناح سٹیڈیم پی ڈی ایم کے حوالے کر دیا۔
جلسے کا وقت شام 5 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا، جس میں کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھنا لازم قرار دیا گیا ہے، کارکن بغیر ماسک اور سینیٹائزر جلسہ گاہ میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ معاہدے کے مطابق پی ڈی ایم کا کوئی رہنما سٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا۔ جی ٹی روڈ کو بھی بند نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔