فیصل آباد: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسہ میں جانے والے قافلوں کو روکنے کیلئے پولیس نے پلان تیار کرلیا۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا۔
24 مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی، پولیس کی 45 موبائل ٹیمیں گشت بھی کریں گی۔ سکھیکی میں بھی لاہور روڈ پر کنٹینر لگ گئے، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسہ کے لئے جناح سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ سٹیڈم میں قائدین کے بیھٹنے کیلئے 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں لائٹس لگا دی گئیں۔
اسٹیڈیم کے چاروں اطراف پی ڈی ایم کے قائدین کے بڑے بڑے فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے۔ جناح سٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینرز کھڑے کے راستے بند کر دیئے گئے۔ 32 مقامات پر کنٹینرز کھڑے کیے گئے ہیں۔
ادھرپی ڈی ایم اور انتظامیہ میں جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسے کی اجازت کے ساتھ 28 نکاتی معاہدہ طے پایا ہے۔ جلسے کا وقت شام 5 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا، کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھنا لازم قرار دیا گیا، بغیر ماسک اور سینیٹائزر کوئی کارکن جلسے میں داخل نہیں ہو سکتا۔
معاہدے کے مطابق پی ڈی ایم کا کوئی رہنما سٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا، جی ٹی روڈ بند نہیں کیا جائیگا، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی، معاہدے کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔