اسلام آباد: (دنیا نیوز)وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج پی ڈی ایم کے بینر تلے جمہوریت کے نام پر جمع ہونے والے دراصل اپنی کرپشن چھپانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، پنجاب حکومت جلسے کے شرکاء کو رومال بھی دے تا کہ یہ اپنا منہ چھپا سکیں۔
سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کیخلاف آ ج 9سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں،سارے کرپٹ عمران خان کے خلاف جمع ہو گئے مگریہ عمران خان کی ثابت قدمی کومتزلذل نہیں کرسکتے۔یہ ملک وہی ہےجہاں ان لوگوں کی حکومتیں رہیں، اس کے باوجود آج گلہ کر رہے ہیں مہنگائی ہے، یہ سب ان کی ہی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ کوئی شک نہیں ملک میں مہنگائی ہے، اگلے 4 ہفتوں میں آپ بہتری دیکھیں گے۔
شبلی فراز نے کہا کہ انہیں چیلنج کیا تھا جناح اسٹیڈیم بھر کر دکھائیں، انہوں نے پہلے ہی شکست تسلیم کر لی اور آدھے اسٹیڈیم کو اسٹیج بنا دیا، یہ وہ لوگ ہیں جومنہ دکھانے کےقابل نہیں۔ انہوں نے 40 سال حکومت کی آج بھی کرپشن کا دور واپس لانا چاہتے ہیں۔ عمران خان نےدونوں جماعتوں کی پارٹنر شپ ختم کی تو انہیں ووٹ کی عزت اور جمہوریت کا خیال آ گیا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت نے جلسے کے شرکا کو ماسک اور سینیٹائزر فراہم کیے ہیں۔