گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کے اقتدار کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو آزاد کرائیں گے۔
گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب میں انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمیں غداری کے سرٹیفکیٹ دیتے ہیں لیکن آپ کو وہ دن یاد ہیں جب ساری ساری رات بجلی نہیں آتی تھی۔ لوگ ترستے تھے کہ بجلی دس منٹ کے لئے آ جائے۔ 18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے قول دیا تھا کہ میں اندھرے ختم کروں گا۔ ہماری قائد نے 4 سالوں میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی لگا کر اندھیروں کو ختم کیا۔
اس سے قبل گوجرانوالہ روانگی سے قبل نارروال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم تمام رکاوٹیں عبور کرکے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ یہ قافلے تب ہی رکیں گے جب عمران خان پاکستان سے رخصت ہوں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کا اقتدار عوام دشمن ہے۔ ہم پاکستان کو آزاد کرائیں گے۔ دوبارہ آئین اور جمہوریت کا پرچم لہرائے گا اور پاکستان ترقی کرے گا۔ اس پولیس گردی کو ختم کریں گے جو عمران خان نے قائم کی ہے۔