لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج پی ڈی ایم کا دوسرا پاور شو بھی پہلے کی طرح ناکام و نامراد ہو گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اٹھارہ اکتوبر 2007 کو سانحہ کارساز میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں بے گناہ کارکنان طالبان کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ آج کراچی جلسے کی صدارت تحریک طالبان پاکستان کے نظریاتی اور روحانی سرپرست کر رہے ہیں۔ حالات کی ستم ظریفی نے پیپلز پارٹی کو اپنے نظریات اور شہداء سے غداری اور بے وفائی پر مجبور کر دیا ہے۔ زرداری خاندان صرف اپنی کھربوں ڈالرز کی کرپشن، نیب ریفرنسز اور قید سے بچنے کے لیے سارے جتن کرنے جا رہا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج زرداری خاندان کے ذاتی مفادات نے بھٹو کے نظریات اور سیاسی فکر کو کوڑے دان میں ڈال دیا ہے۔ بیگم صفدر اعوان بڑے غرور و رعونت سے خود کو اور اپنے والد کو بڑا قرار دے رہی ہیں۔ بیگم صفدر اعوان یاد رکھیں! شیطان بھی اپنے تکبر و انا کے باعث جنت سے زمین پر پھینک دیا گیا تھا۔آپ واقعی کرپشن، منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور جعلی اکاونٹس کے ذریعے کھربوں ڈکارنے میں بڑی ہیں۔ آپ اور آپکا خاندان ملک دشمن طاقتوں، مودی اور بھارتی را سے ذاتی تعلقات بنانے میں بڑا ہے۔ اس کے برعکس اخلاق، کردار اور جذبہ حب الوطنی میں آپ انتہائی چھوٹے اور حقیر ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کرپٹ ٹولے کے ذاتی مفادات قوم کے بہتر مستقبل کے بالکل متضاد ہیں۔