لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ووٹ کو عزت دو کے نام پر کوئٹہ میں تماشا لگایا۔ اداروں کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنیکی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے۔ ہم اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کوئٹہ کے جلسہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ادارے ہمارا فخر ہیں۔ پاک فوج پر قوم کو ناز ہے۔ انتشار پھیلانے والے اداروں کو متنازعہ بنانے سے باز رہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اداروں کو نشانہ بنانے والے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کو شناخت دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا۔ دونوں جماعتوں نے اپنے دور میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے کھوکھلے نعرے لگائے اور عملی طور پر کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنایا اور اب صوبہ بھی ہم بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے بارے میں بیان کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ جام کمال ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ ایسا بیان دینے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کا مسئلہ فوری حل کیا۔ ایک خاتون نے اس مسئلے پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ پنجاب حکومت نے بلوچستان میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ وبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو پی ڈی ایم اے کے نام نہاد لیڈروں نے سبوتاژ کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ نہ کل رہنما تھے، نہ آج ہیں اور نہ کل ہوں گے، یہ رہزنوں کا ٹولہ ہے اور قوم ایسے چور ٹولے کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔