سکردو: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وارننگ دی ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں کسی بھی قسم کی دھاندلی کی کوشش کی گئی تو ووٹروں کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے۔
سکردو میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کا ایک ایسا نمائندہ ہوں جو ناصرف ملک بلکہ پوری دنیا میں آپ کی آواز اٹھا سکتا ہوں۔ عوام کی خدمت صرف پیپلز پارٹی کرتی ہے۔ ہم نے سندھ میں مفت ہسپتالوں کے جال بچھا دیئے ہیں۔ اب سکردو میں بھی دل کے علاج کے لیے ہسپتال بنائیں گے۔
انہوں نے گلگت بلتستان الیکشن کو یہاں کی عوام کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں 15 نومبر تک یہاں موجود ہوں، کسی کو آپ کے ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈالنے دوں گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی جماعتوں کو سپورٹ کرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ دھاندلی کی کوشش نہ کرنا۔ اگر دھاندلی ہوئی تو گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے۔ ہم کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں عوام سے وعدہ کیا کہ آپ ہمیں منتخب کرتے ہیں تو بی بی شہید کے بیٹے کا وعدہ ہے، آپ کو روزگار دے گی۔ پیپلز پارٹی کی نئی نسل کی جدوجہد شروع ہو چکی ہے۔ سکردو کے نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر یقین ہو گیا کہ جیت صرف تیر کی ہوگی۔