کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو گوادر اور گلگت بلتستان کی عوام کے مستقبل سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی کامیابی کیلئے ہمیں ان کی ترقی پر توجہ دینی ہوگی۔
کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے ویڈیو لنک کے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ احساس محرومی کو دور کرنے کے لیے سی پیک انقلابی منصوبہ ہے لیکن گوادر اور گلگت بلتستان کے عوام کو آج تک فائدہ نہیں پہنچایا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے صرف سی پیک نہیں بلکہ پوری معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ یہ تبدیلی نہیں، تباہی ہے۔ اشیائے ضروریہ اور ادویات کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ غریب عوام کہاں جائیں؟وہ اس نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کے معاملے پر میڈیا،عدلیہ اور پارلیمان کچھ نہیں کر سکتی۔ لاپتا افراد کے لواحقین دربدر اور ریاست مدد نہیں کر رہی۔ یہ ظلم پاکستان میں مسلسل ہوتا رہا ہے۔ اگر یہ ظلم چلتا رہے تو میرا نہیں خیال ملک یہ برداشت کر سکے گا۔ لاپتا افراد کے ایشو کو ہمیشہ کے لیے ختم ہونا پڑے گا۔ سپریم کورٹ یومیہ بنیادوں لاپتا افراد کے کیسز سنے۔