حکومت کو گھر بھیجنے کا مشن، اپوزیشن اتحاد کا کوئٹہ میں جلسہ جاری

Published On 25 October,2020 08:25 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومت کو گھر بھیجنے کے ایجنڈے کے ساتھ پی ڈی ایم کا کوئٹہ میں جلسہ جاری ہے، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان سٹیج پر موجود ہیں، بلاول بھٹو کا ویڈیو لنک خطاب متوقع ہے۔ حکومت نے امن و امان کیلئے شہر میں دفعہ 144 فافذ کر رکھی ہے، موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی بھی عائد ہے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا حکومت مخالف تیسرا جلسہ کوئٹہ میں جاری ہے، ایوب اسٹیڈیم میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے، حکومت مخالف احتجاج میں تیزی لانے کیلئے اپوزیشن نے آج کوئٹہ میں میدان سجایا ہے۔

جلسے سے صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبد المالک بلوچ سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو کا ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کا امکان ہے۔

دوسری طرف بلوچستان حکومت نے پی ڈی ایم کے جلسے کے موقع پر شہر میں دفعہ 144نافذ کر دی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔ نیکٹا کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بم اور خودکش دھماکوں سے سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
 

Advertisement