امن اور سکیورٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سراج الحق

Published On 27 October,2020 09:25 pm

پشاور: (دنیا نیوز) سراج الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے حکومت سیکیورٹی پر توجہ نہیں دے رہی۔ امن اور سکیورٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، حکومت کی کارکردگی پر عوام کے تحفظات ہیں۔

تفصیل کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مدرسہ دھماکا میں زخمی افراد کی عیادت کیلئے ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ طویل وقفے کے بعد یہ واقعات دوبارہ شروع ہوئے۔ کوئٹہ، کراچی، پشاور اور دیر میں ایسے واقعات ہوئے جو افسوسناک ہے۔ حکومت کے لیے یہ بڑا چیلنچ ہے۔ حکومت نے اگر سکیورٹی پر توجہ دی ہوتی تو یہ واقعات پیش نہ آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں نے الرٹ جاری کیا تھا لیکن حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے بروقت اقدامات نہ کر سکی۔ مسجد معصوم بچوں کو شہید کیا گیا۔ آرمی پبلک سکول واقعے کے بعد تمام ایک پیچ پر تھے لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے حکومت سیکیورٹی پر توجہ نہیں دے رہی۔ امن اور سکیورٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، حکومت کی کارکردگی پر عوام کے تحفظات ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اداروں نے حکومت کو ایسے واقعات کی اطلاع دی تھی تو پھر اقدامات کیوں نہیں اٹھائے گئے؟ قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ ایک طرف مہنگائی تو دوسری طرف ناقص کارکردگی ہے۔
 

Advertisement