لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاست کو ریاست پر فوقیت دی جا رہی ہے، ن لیگ کی ریاست سے لڑائی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، ایاز صادق کے بیان پر بھارت میں شادیانے بجائے جا رہے ہیں، عقل کے اندھوں کو انداز نہیں سیاست خطرناک مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا حالات کافی ابتر ہوتے جا رہے ہیں، ریاست سے لڑائی درست نہیں ہے، ریاست سے لڑائی خطرناک ہوسکتی ہے، یکم نومبر سے لیکر 31 دسمبر اہم ہے، 31 دسمبر سے فروری تک سب کچھ صاف ہو جائے گا، خلفشار اور انتشار سے سیاسی جماعتیں پچھتائیں گی، ن لیگ کی طرف سے جو کہا جا رہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا جو بیج نواز شریف نے بو دیا اس سے مشکلات پیدا ہوں گی، ملک مارشل لاء کی طرف نہیں جا رہا، سیاست جس دوراہے میں داخل ہو رہی ہے اس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں، وزیراعظم کہیں نہیں جا رہے، عمران خان تمام بحرانوں سے سرخرو ہوکر نکل جائیں گے، سیاست سے لڑائی کرنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں، ملکی سلامتی ادارے کے حوصلے کی داد دینی چاہیے۔
وزیر ریلوے نے کہا سیاست میں ڈائیلاگ کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، وزیراعظم عمران خان نے ڈائیلاگ سے انکار نہیں کیا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ والے مل سکتے ہیں تو کوئی اور کیوں نہیں، ڈائیلاگ اور مذاکرات سیاسی جماعتوں میں ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے بہتر سیاست کی ہے، فضل الرحمان کی ملکی سیاست میں خاص اہمیت نہیں، حالات جس طرف جا رہے ہیں وہ خوش آئند نہیں۔