ملتان: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف خود لندن میں ہیں اور لوگوں کو باہر نکلنے کا کہتے ہیں، انہوں نے جو کرنا ہے کرلیں، اب ان کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جلسے، جلوسوں سے حکومتیں نہیں گرا کرتیں۔ 126 روز کے دھرنے سے ہم حکومت نہیں گرا سکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا جلسے کی اجازت دینا اچھا فیصلہ ہے تاہم اگر کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے تو نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا نشانہ فوج، عدلیہ اور نیب ہے۔ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرناعالمی ایجنڈا ہے۔ عدلیہ ان کے حق میں فیصلہ کرے تو ٹھیک ہے۔ 31 دسمبر سے پہلے جھاڑو پھر جائے گا جبکہ 20 فروری تک صورتحال نارمل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مارچ میں سینیٹ الیکشن ضرور ہوں گے۔ سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ میرا دل کہتا ہے بلاول بھٹو سمجھداری کا مظاہرہ کریں گے۔