لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو بتانا چاہتا ہوں جلسوں سے کورونا پھیل سکتا ہے، دہشت گردی ہو سکتی ہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن بھی ہو سکتاہے، عمران خان نے اپوزیشن کو جواب دے دیا، این آر او نہیں دیا جائے گا، 31 دسمبر سے 20 فروری اہم ہے، نتیجہ نکل آئے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سے 50 سوال کیے ایک بھی جواب نہیں آیا، نواز شریف سب کو بیوقوف بنا کر بیرون ملک چلے گئے، ایک سال ہوگیا نواز شریف ہسپتال گئے نہ ہی علاج کرایا، نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی والے استعفے دے کر کیا کریں گے، آئندہ سندھ بھی نہیں ملے گا، مولانا فضل الرحمان کی 9 سیٹیں ہیں، ان کا کچھ نہیں جانا، نوازشریف، زرداری اور فضل الرحمان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، مولانا فضل الرحمان مذہب کارڈ استعمال کر رہے ہیں، اس بار فضل الرحمان کے ساتھ ہتھوڑ ہوگا، جلسے ضرور کریں، شر پسندی اور جلاؤ گھیراؤ پر قانون حرکت میں آئے گا، وزیراعظم کو غداری کے مقدمے کا علم نہیں تھا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہو رہی ہے، امن و استحکام میں افواج پاکستان کا اہم کردار ہے، پاک فوج کیخلاف بیرونی طاقتیں سازشوں میں مصروف ہیں، پاک فوج جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے، دہشتگرد تنظیمیں خانہ جنگی کیلئے پاکستان میں کچھ بھی کرسکتی ہیں۔ انہوں نےکہا امریکی جریدے نے بھارت کو دہشتگردی پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیا۔