کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے پر وفاق اور سندھ ایک پیج پر ہیں، کوئی لڑائی نہیں ، منصوبے پر دس ارب سے زائد رقم خرچ ہو گی۔
کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید نیوز نے کہا کہ تجاوزات کی نشاندہی ہو رہی ہے، صوبائی حکومت سے درخواست کریں گے کہ متاثر ہونے والوں کو متبادل جگہ فراہم کریں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے (کے سی آر) کی عدم تکمیل پر سندھ حکومت کی سرزنش کی تھی۔ کے سی آر منصوبے کو بحال کرنے کے کیس میں عدالت عظمی نے سندھ حکومت کو طے شدہ مدت سے قبل فلائی اوور اور انڈرپاسز بنانے کا حکم دیا تھا اور شہری انتظامیہ کو باڑ لگانے سمیت دیگر کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ ریلوے سیکرٹری نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ منصوبے کی تکمیل میں متعدد مشکلات حائل ہیں۔
کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ تجاوزات تھیں جن کو ہٹانے کیلئے بھی سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا تھا۔ شہر قائد میں مختلف گنجان آبادیوں سے گزرنے والی ریلوے پٹریوں کے دونوں جانب ریلوے کی زمین پر کچے اور پکے مکانات تعمیر کر لئے گئے تھے، ان کو خصوصی آپریشن کے تحت گرا دیا گیا تھا۔