اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے سستی بجلی کی فراہمی کا اعلان عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی استحکام کی جانب ایک اور اہم اقدام ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری پہلی ترجیح ہے، چھوٹی، درمیانی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی سے کارخانے چلیں گے، غریب مزدوروں کے چولہے بھی جلیں گے۔
دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں کہا کہ ملک کیلئے معاشی حوالے سے اچھی خبریں ہیں، بلومبرگ نے وزیراعظم عمران خان کی بہتر معاشی پالیسی اور حکمت عملی کی تائید کی، متحدہ کرپٹ اپوزیشن نے معیشت کی خرابی کا جعلی بیانیہ اپنایا، ملک درست سمت پر چلتا دیکھ کر سیاسی مخالفین بوکھلا گئے ہیں۔
انہوں نے کہا حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت دوبارہ ٹریک پر آگئی، اکاؤنٹ بیلنس سرپلس 17 سال کی بلند ترین سطح پر آگیا، ستمبر کے دوران برآمدات 29 فیصد بڑھیں، ترسیلارتِ زر 7.147 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی، ایف بی آر نے رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 1337 ارب روپے کانیٹ ریونیو حاصل کیا۔