لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے اچانک دوروں کے دوران عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور کو عہدے سے ہٹا دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو کو ڈی سی اوکاڑہ کا اضافی چارج دے دیا گیا جبکہ اورنگزیب کو اے سی سٹی دیپالپور تعینات کر دیا گیا۔
عثمان بزدار نے اوکاڑہ، دیپالپور روڈ کی مرمت و دیکھ بھال میں سست روی پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا اچانک دوروں سے اصل زمینی حقائق سے علم ہوتا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے سہولت بازار لگائے گئے ہیں، عوام کی نبص سے فیڈ بیک لیتا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا اوکاڑہ اور دیپالپور کے اچانک دوروں میں عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی، افسر، افسر شاہی چھوڑ دے، عوام کی خدمت کو شعار بنائے، عوامی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔