لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کا بیانیہ پاکستان کے ازلی دشمن کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین دہائیوں سے برسر اقتدار رہنے والی جماعت کے لیڈروں کی پست ذہنیت بے نقاب ہو چکی ہے۔ سیاست عوام کی خدمت کانام ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں نے اقتدار کیلئے پاکستان کے مفادات کو زک پہنچائی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اداروں کو متنازعہ بنانے کی ہر کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام راہبروں کے بھیس میں راہزنوں کے چہرے پہچان چکے ہیں۔ اپوزیشن کے ناعاقبت اندیش رہنما بیان بازی کرکے مکار مودی اور اس کے چیلوں کو خوش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔