ایاز صادق اور بعض اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات قومی مفادات کے منافی ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 31 October,2020 10:31 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ایاز صادق اور بعض اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات ناقابل فہم اورقومی مفادات کے یکسر منافی ہیں، ایسے بیانات ملک دشمن کے بیانیے کے عکاس ہیں۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا عثمان بزدار پاکستان کے عوام شر انگیز بیانیے کو مکمل مسترد کرتے ہیں، ایاز صادق سمیت بعض اپوزیشن رہنما ملک دشمنی کی حد پار کرچکے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج پر پوری قوم کو فخر ہے، پاک فوج مشکل کی ہرگھڑی میں سرخرو رہی ہے، ہماری مسلح افواج قوم کی آن، شان اورمان ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا 22 کروڑ عوام مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ملک دشمن کا ایجنڈا پاکستان میں نہ پہلے چلا ہے نہ آئندہ چلنے دیا جائے گا، غیر ملکی آقاؤں کے اشارے پر اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کے مذموم عزائم کی ہر سطح پر بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ملک دشمن بیانیے کی پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں، ایسے مذموم بیانیے کو پروان چڑھانے والے عناصر کے عزائم قوم جان چکی ہے، قوم کی تائید سے پاکستان کی سالمیت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا، جس میں چیئر پرسن سارہ احمد نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا سابق حکومت کی نا اہلی اور بد انتظامی سے ہر شعبہ تباہ ہوا، بچوں کے حقوق کے تحفظ سے زیادہ اہم کام کوئی نہیں ہوسکتا، بد قسمتی سے سابق دور میں ہر ادارے کو ذاتی پسند کے ذریعے برباد کیا گیا، بھیگ مانگنے والے بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا، ایسے بچوں کو ٹیوٹا اور دیگر اداروں میں فنی تربیت کے کورس کرائے جائیں گے، بچوں سے بھیگ منگوانے والے گینگز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا سابق حکومت بے سہارا بچوں کا آسرا بننے کی بجائے خواب غفلت میں سوئی رہی، 12 برس تک چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے بورڈ آف گورنرز کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا، 12 برس تک چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس نہ ہونا بدترین غفلت ہے، ہماری حکومت سابق دور میں بوئے کانٹوں کو چن چن کر صاف کر رہی ہے۔

 

Advertisement