پنجاب بھر میں 350 سستے سہولت بازاروں کا قیام، اشیائے ضروریہ وافر دستیاب: عثمان بزدار

Published On 29 October,2020 10:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں 350 سستے سہولت بازاروں قائم کر دیئے، اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا سہولت بازاروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 840 روپے میں دستیاب ہے، 10 کلو آٹے کا تھیلا 420 روپے میں فراہم کیا گیا ہے، عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے مہیا کیا جا رہا ہے، سستے سہولت بازاروں میں چینی 85 روپے کلو کے حساب سے صارفین کو مل رہی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا سستے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں، سستے سہولت بازاروں سے عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل رہا ہے، سستے سہولت بازاروں کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے مثالی اقدام ہے، سستے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں، تمام سہولت بازاروں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے ترکی کے قومی دن پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نےکہا پاکستان اور ترکی کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، ترکی نے اپنے قائد رجب طیب اردوان کی ولولہ انگیز قیادت میں بے پناہ ترقی کی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی قدرتی آفت، ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے، ترکی کی حکومت اور عوام نے عالمی سطح پر پاکستان کے ہر موقف کی بھرپور تائید کی ہے، مسئلہ کشمیر پر بھی ترکی نے پاکستان کے اصولی موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی اور محبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے۔
 

Advertisement